ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انکولہ چٹان کھسکنے کا معاملہ: فوت شدہ خاتون کی آخری رسومات میں تعاون کرنے والے مینگلور کے صحافیوں کی ڈی سی نے کی تہنیت

انکولہ چٹان کھسکنے کا معاملہ: فوت شدہ خاتون کی آخری رسومات میں تعاون کرنے والے مینگلور کے صحافیوں کی ڈی سی نے کی تہنیت

Thu, 25 Jul 2024 15:24:32    S.O. News Service

منگلورو 25/ جولائی (ایس او نیوز) دکشن کنڑا ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن نے انکولہ کے شیرور میں چٹان کھسکنے کے بعد ملبے کے اندر دب کر ہلاک ہونے والی خاتون کی آخری رسومات انجام دینے میں تعاون کرنے والے مینگلورو کے صحافیوں کی انسانیت نوازی کو سراہا اور ان کی تہنیت کی۔

خیال رہے کہ پہاڑی چٹان کھسکنے کے بعد اولورے گاوں کی سنّی ہنومنت گوڈا نامی خاتون لاپتہ ہوگئی تھی اور اس کی لاش آٹھ دن بعد ندی میں بازیافت ہوئی تھی۔ چونکہ اس کے رشتہ دار اسپتال میں یڈمٹ ہیں اور گاوں کے اکثر لوگوں کو راحت سینٹر میں منتقل کیا گیا ہے، نعش کی آخری رسومات ادا کرنے کے لئے مقامی لوگوں کے ساتھ پولس اور ضلعی انتظامیہ کے لوگ بھی موجود نہیں تھے، مینگلور کے صحافیوں کی ایک ٹیم جو اسی دن صبح بھٹکل میں قیام کے بعد انکولہ کے شیرور پہنچی تھی، اس لاش کے پوسٹ مارٹم اور پھر اس کو گھر لے جانے اور آخری رسومات انجام دینے کے لئے اپنی خدمات پیش کیں۔ ان میں مینگلورو کے صحافی ششی بیلایرو، مہیش کوتّار، عارف یو آر، گریش مورلی اور شیو شنکر شامل تھے۔

ان کے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے دکشن کنڑا ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ صحافیوں کو اپنے دفتر میں مدعو کرکے ان کی تہنیت کی۔ بتاتے چلیں کہ بھٹکل میں ساحل آن لائن کی ایماء پر ان لوگوں نے پیر کی شب کو ہوٹل کولا پیرا ڈائز میں قیام کیا تھا، جہاں ہوٹل کے مالک رمیض کولا نے مفت رہائش کی سہولت فراہم کی تھی۔ منگل صبح یہ لوگ انکولہ کے لئے روانہ ہوئے تھے اور اسی دن لاپتہ خاتون سنی گوڈا کی نعش گنگاولی ندی سے بازیافت ہوئی تھی۔


Share: